اردو زبان میں زلزلہ پیمائی کے حوالے سے بہت کم کتب اور معلومات دستیاب ہیں۔ بالخصوص جدید ریسرچ اور آلات سے متعلق کتابیں تو شاذونادر ہی کہیں موجود ہوں گی۔ اس کتاب میں مصنف نے زلزلے کے بارے میں معلومات مکمل اور جامع انداز میں بیان کی ہیں اور یہ عام قاری کے لیے بھی نہایت دلچسپ اور مفید ثابت ہوں گی۔ کتاب میں زلزلے کے سائنسی پہلوؤں کو آسان پیرائے میں بیان کیا گیا ہے اور اس قدرتی آفت کے محرکات‘ اسباب اور کرہ ارض پر حساس علاقوں نیز زلزلے سے متاثرہ ممالک اور مقامات کی تفصیلا نشاندہی کی گئی ہے‘ جس سے بخوبی اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ زمین کے کن مقامات پر زلزلہ آنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ کتاب میں زلزلے کےاثرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے ساتھ ساتھ ایسی معلومات بھی دی گئی ہیں جن سے وہم اور مفروضے کی بنیاد پر جنم لینے والے ان گنت اندیشوں اور خوف کا تدارک بھی ممکن ہے۔ مزید برآں زلزلے کے بارے میں مختلف نقطۂ ہائے نظر کو سائنسی انداز میں بیان کیا گیا ہے۔